ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے پہلے مقابلے میں بنگلا دیش اے کی شاندار کامیابی
اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے افتتاحی مقابلے میں بنگلا دیش اے نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ انداز میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیشی ٹیم نے کپتان سیف حسن اور یاسر علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 220 رنز کا ہدف صرف دو وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔
مقابلے میں ہانگ کانگ نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے انشے رتھ نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 77 رنز بنائے، جبکہ اعزاز خان نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔
دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 128 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو ایک بہتر مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلا دیش اے کے بولرز میں اقبال حسین ایمن سب سے کامیاب رہے، جنہوں نے 33 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی کارکردگی نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، تاہم مخالف ٹیم 50 اوورز مکمل ہونے تک 219 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش اے نے ابتدا ہی سے پراعتماد کھیل پیش کیا اور مطلوبہ اسکور 41ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا۔
کپتان سیف حسن نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا امتزاج پیش کرتے ہوئے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ یاسر علی نے 71 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 113 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو باآسانی ہدف تک پہنچا دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ بنگلا دیش اے نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے پہلے ہی میچ میں اپنی برتری ثابت کردی، جبکہ ہانگ کانگ کو افتتاحی مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت