ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اس حوالے سے پینٹاگون اور امریکی انٹیلی جنس اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی حملے کی صورت میں تہران کے ممکنہ ردعمل کا تفصیلی جائزہ تیار کریں۔ اس پیش رفت سے خطے میں ایک نئی فوجی کشیدگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے دو باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے محکمہ دفاع اور خفیہ اداروں سے ایران کی ممکنہ جوابی حکمت عملی کے بارے میں جامع رپورٹ طلب کی ہے۔ امریکی حکام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اگر واشنگٹن ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرتا ہے تو تہران کن اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس کے اثرات پورے خطے پر کس حد تک مرتب ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ پہلے ہی ایران کے خلاف مختلف فوجی کارروائیوں کے منصوبے تیار کرچکی ہے، تاہم انتظامیہ کے سامنے ایک اہم سوال یہ ہے کہ کیا ایسا آپریشن ممکن ہے جس کے جواب میں ایران خلیجی ممالک کی تیل اور گیس کی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر حملے نہ کرے۔
واشنگٹن کو خدشہ ہے کہ ایرانی جوابی کارروائی سے خطے کا توانائی کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوسکتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی صورت میں عالمی منڈیوں میں تیل اور گیس کی فراہمی متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ اسی لیے کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی سے پہلے ایران کے ردعمل اور اس کے معاشی اثرات کا اندازہ لگانے پر توجہ دی جارہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بھی واشنگٹن کو ایران کے خلاف دوبارہ مشترکہ فوجی کارروائی پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کو ایران پر حملے کی منصوبہ بندی تیار کرنے کا حکم دیا اور انہیں امریکی حکام سے رابطوں کے لیے واشنگٹن بھی بھیجا، تاکہ امریکی فوج کو بھی اس کارروائی کے حق میں قائل کیا جاسکے۔
اُدھر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بالواسطہ مذاکرات بحال کرانے کے لیے قطر اور پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کی راہ ہموار کرنا اور ممکنہ تصادم کے خطرات کم کرنا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران جنگ کے سیاسی اثرات اسرائیل اور امریکا دونوں میں محسوس کیے گئے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کو حالیہ انتخابات میں پارلیمانی اکثریت سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کو شکست ہوئی۔ اس سیاسی صورت حال نے صدر ٹرمپ کے لیے آئندہ دو برس میں بڑے فیصلے کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت