توہینِ اللہ، توہینِ رسالت اور توہینِ قرآن کیس کا فیصلہ، ملزم کو سزائے موت 25 سال قید کی سزا

راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت نے توہینِ اللہ تعالیٰ، توہینِ رسالت اور توہینِ قرآن پاک کے مقدمے میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد ابتسام المصطفیٰ کو سزائے موت، عمر قید اور مجموعی طور پر 25 سال قید کی سزا سنادی جبکہ عدالت نے مجرم پر 12 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ مجرم کسی رعایت کا مستحق نہیں اور اسے سزائے موت دی جائے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم محمد ابتسام المصطفیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر توہین آمیز پوسٹس اور متنازع کتاب اپ لوڈ کی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ راولپنڈی نے مقدمہ درج کیا تھا۔
مقدمے میں توہینِ اللہ تعالیٰ، توہینِ رسالت، توہینِ قرآن پاک اور دہشتگردی سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی تھیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں ملزم پر سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی توہین پر مبنی مواد پھیلانے اور متنازع کتاب اپ لوڈ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ جرم کی نوعیت سنگین ہے اور مجرم کسی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں۔ عدالتی حکم کے مطابق ملزم کو سزائے موت دی جائے اور اسے اس وقت تک پھانسی کے تختے پر لٹکایا جائے جب تک اس کی موت واقع نہ ہوجائے۔
عدالت نے مختلف الزامات کے تحت الگ الگ سزائیں بھی سنائیں۔ مذہبی منافرت کے جرم میں 10 سال قید، دہشتگردی کے تحت 5 سال قید اور الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا ایکٹ) کے تحت مزید 5 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس طرح ملزم کو مجموعی طور پر 25 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی دی گئی۔
عدالتی کارروائی کے بعد ملزم محمد ابتسام المصطفیٰ کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا، جہاں وہ اپنی سزا کے تحت قید رہے گا۔
واضح رہے کہ اس مقدمے کی تفتیش ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ راولپنڈی نے کی تھی جبکہ کیس میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت اور متنازع کتاب اپ لوڈ کرنے کے الزامات بنیادی اہمیت کے حامل تھے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کے بعد مقدمہ ایک اہم قانونی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت