پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیرذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات مسترد کردیے

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے غیر سفارتی، غیر ذمے دارانہ اور بے بنیاد بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی الزامات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمے داریوں پر عمل کرے، جہاں بھارتی قابض افواج دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ کہ جو ریاست اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں، ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور معاہدوں کی پابند ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتی ہو، جو اپنی مسلم، سکھ، عیسائی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیاز کی سرپرستی کرتی ہو، جو غلط معلومات پھیلانے اور دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہو، اور جو ایک ایسے خطے پر جبراً قابض ہو جس کے عوام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے، اس کی کوئی اخلاقی یا قانونی حیثیت نہیں ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی ملوث ہے۔ پاکستان متعدد بار دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے پر اپنے تحفظات اٹھا چکا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت