پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں بڑی تبدیلی، قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

قومی خبریں
وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں بڑی تبدیلی، قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

اسلام آباد: وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو فراہم کیے جانے والے انفرادی قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی ہے، جبکہ قرض حاصل کرنے کے لیے کم از کم عمر بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئے فیصلوں کے تحت مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص ہوگا۔

یہ فیصلے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کیے گئے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بڑھائی گئی قرض کی سہولت آسان اقساط پر فراہم کی جائے گی، جبکہ رواں مالی سال کے دوران نوجوانوں کو قرض دینے کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خواتین کے لیے قرضوں کا 30 فیصد حصہ مخصوص رکھا جائے تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار ہوسکیں اور کاروباری سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں۔ عمر کی حد 18 سال کرنے کا مقصد نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے اور زرعی شعبے میں عملی طور پر شامل ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو بھی ہدایت کی گئی کہ قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے، رہنمائی، مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ متعلقہ حکام کو ملک گیر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان اسکیموں اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ کے مطابق جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرض فراہم کیے جاچکے ہیں، جو گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں دس گنا زیادہ تعداد ہے۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے گئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو مجموعی طور پر 292 ارب روپے فراہم کرنے کا تخمینہ ہے۔

وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اجلاس میں وزیر خزانہ، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی بھی شریک تھے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت