پی سی بی کا ٹیسٹ کرکٹ کے لیے علیحدہ ہیڈ کوچ مقرر نہ کرنے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیے علیحدہ ہیڈ کوچ تعینات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت موجودہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اختتام تک تینوں طرز کی کرکٹ کے ساتھ ریڈ بال ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالتے رہیں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے اس فیصلے سے ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کردیا ہے تاکہ کوچنگ کے معاملات میں کسی قسم کی غیر یقینی صورتحال پیدا نہ ہو۔ پی سی بی کی موجودہ حکمت عملی کے تحت تینوں طرز کی کرکٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک ہی کوچ کی نگرانی برقرار رکھی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ مائیک ہیسن نے بھی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ وہ آئندہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی رہنمائی کریں گے، جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ کی تشکیل اور کھلاڑیوں میں اہم تبدیلیوں کے حوالے سے بھی ان کا کردار کلیدی ہوگا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن کا بورڈ کے ساتھ کوچنگ معاہدہ 2027 تک برقرار ہے، تاہم ان کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ 2027 کے عالمی کپ کے بعد کیا جائے گا۔
فی الحال کرکٹ بورڈ نے تینوں طرز کی کرکٹ میں تسلسل برقرار رکھنے اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے مائیک ہیسن کی نگرانی میں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت