پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

کینیڈا میں فٹبالر کے بال بوائے کو کہنی مارنے پر ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا دیا

قومی خبریں

کینیڈین پریمیئر لیگ کے ایک اہم فٹبال مقابلے میں مخالف ٹیم کے کم عمر بال بوائے کو کہنی مارنے پر کھلاڑی کو براہِ راست ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

واقعے کا دلچسپ پہلو یہ تھا کہ کھلاڑی کو میچ سے نکالے جانے پر بال بوائے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن منانا شروع کردیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔

یہ واقعہ سپرا اور کیولری کی ٹیموں کے درمیان پلے آف مقابلے کے دوسرے مرحلے میں پیش آیا۔ میچ کے دوران سپرا کی ٹیم خسارے میں تھی اور اس کے کھلاڑی الیسانڈرو بیلو جلد از جلد کھیل دوبارہ شروع کرنا چاہتے تھے۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے تھرو اِن کے موقع پر گیند واپس لینے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران ان کا مخالف ٹیم کے بال بوائے سے تنازع ہوگیا۔

دونوں کے درمیان تلخ کلامی کے دوران بظاہر بیلو نے کم عمر بال بوائے کو کہنی مار دی۔ واقعے کے فوراً بعد لڑکا پیچھے کی جانب گرتا دکھائی دیا، جس کے باعث میدان میں موجود ریفری نے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) سے رجوع کیا۔

ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے واقعے کی فوٹیج کا جائزہ لیا اور ریفری کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ وی اے آر ریویو کے بعد میچ آفیشل نے سپرا کے کھلاڑی الیسانڈرو بیلو کو ریڈ کارڈ دکھانے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں انہیں فوری طور پر میدان چھوڑنا پڑا۔

واقعے کے بعد سب سے زیادہ توجہ بال بوائے کے ردعمل نے حاصل کی۔ کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر کم عمر لڑکے نے خوشی کا اظہار کیا اور جشن منانا شروع کردیا۔

اس غیر معمولی منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جہاں فٹبال شائقین کی توجہ میچ کے کھیل کے بجائے کھلاڑی اور بال بوائے کے درمیان پیش آنے والے اس واقعے پر مرکوز ہوگئی۔

کینیڈین پریمیئر لیگ کے اس پلے آف مقابلے میں پیش آنے والے واقعے نے وی اے آر ٹیکنالوجی کے استعمال اور میدان میں کھلاڑیوں کے رویے کو بھی نمایاں کردیا، جبکہ بال بوائے کا جشن اس میچ کا سب سے زیادہ زیرِ بحث منظر بن گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت