پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

12 صوبوں کا معاملہ، آئینی ترامیم آئندہ سال منظور ہوئیں تو عملدرآمد 2029 انتخابات کے بعد ہوگا

قومی خبریں

ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کے لیے مطلوبہ آئینی ترامیم آئندہ سال منظور بھی کرلی گئیں تو نئے صوبائی ڈھانچے پر عمل درآمد 2029 کے عام انتخابات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کی راہ میں کئی مالیاتی، آئینی اور انتظامی چیلنجز حائل ہیں، جن میں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم، آبی وسائل کی تقسیم اور مالی واجبات کا تصفیہ اہم ترین معاملات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ سال مطلوبہ آئینی ترامیم منظور ہونے کی صورت میں بھی موجودہ صوبائی حکومتیں اور اسمبلیاں اگلے عام انتخابات تک کام کرتی رہیں گی، جبکہ مجوزہ انتظامی تنظیم نو 2029 کے انتخابات کے بعد نافذ کی جائے گی۔

مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو تین، تین جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح ملک میں صوبوں کی تعداد موجودہ چار سے بڑھ کر 12 ہوجائے گی۔

تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے کئی حساس معاملات پر اتفاق رائے ضروری ہوگا، جن کا تعلق موجودہ صوبوں اور مجوزہ نئی اکائیوں کے مالی و معاشی حقوق سے ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلا بڑا چیلنج این ایف سی ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم کا ہوگا۔ اس وقت وفاقی قابل تقسیم محاصل میں صوبوں کا حصہ طے شدہ فارمولے کے تحت چار صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، تاہم مزید آٹھ صوبوں کے قیام کے بعد یہ طے کرنا ہوگا کہ موجودہ صوبائی حصے کو 12 اکائیوں کے درمیان کس طرح تقسیم کیا جائے۔

دوسرا اہم چیلنج آبی وسائل کی تقسیم ہے۔ یہ معاملہ ان علاقوں میں خاص طور پر حساس ہو سکتا ہے جہاں پانی کی دستیابی، آبپاشی کی ضروریات اور زراعت پر انحصار پہلے ہی اختلافات کا باعث بنتے رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت