پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ صیح تھا: امریکی وزیر خارجہ

قومی خبریں
ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ صیح تھا: امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے امریکا کی قومی سلامتی کے مفاد میں ضروری اقدام قرار دیا ہے۔

فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے بعض اوقات ایسے فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں جو عوام میں مقبول نہ ہوں۔ ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق خطرے کو سمجھتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا، چاہے اس پر عوامی سطح پر تنقید ہی کیوں نہ ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران نہ صرف امریکا بلکہ اسرائیل، مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے صدر ٹرمپ نے ایسا فیصلہ کیا جو ان سے پہلے کوئی امریکی صدر نہیں کرسکا۔

امریکی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں اس مؤقف پر اتفاق کریں گی کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت دینا انتہائی خطرناک ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والا ایران امریکا، اسرائیل، مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا کے لیے ناقابل قبول صورتحال پیدا کرسکتا ہے۔

دوسری جانب مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں پیش رفت نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جس کی بنیادی وجہ تہران کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایسے مطالبات ہیں جنہیں امریکا قابل قبول نہیں سمجھتا۔

ان کے مطابق ایران کے بعض مطالبات نہ صرف غیر حقیقت پسندانہ ہیں بلکہ کچھ مطالبات غیر معمولی اور مضحکہ خیز بھی ہیں، جس کے باعث مذاکرات میں کسی بڑی پیش رفت کے امکانات فی الحال دکھائی نہیں دے رہے۔

مارکو روبیو نے بتایا کہ متعدد ممالک اس تنازع کے خاتمے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایران کے ساتھ مختلف تجاویز پر بات چیت بھی جاری ہے، تاہم ان سفارتی کوششوں کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمیشہ تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر ایران کے ساتھ کسی قابل عمل معاہدے کا امکان پیدا ہوا تو امریکا اس کا سنجیدگی سے جائزہ لے گا۔ تاہم موجودہ حالات میں مذاکرات کی رفتار حوصلہ افزا نہیں اور ایران کی شرائط کسی معاہدے تک پہنچنے میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سفارت کاری کے دروازے بند نہیں کیے گئے، لیکن امریکا کسی ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جو اس کی قومی سلامتی اور خطے کے مفادات کے لیے خطرہ بن سکتا ہو۔

بشکریہ روزنامہ جسارت