ایران کا انفرا اسٹرکچر نشانے پر ہے، 38 پل ایک گھنٹے میں تباہ کر سکتے ہیں، ٹرمپ کی نئی دھمکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط معاہدہ طے نہ پایا تو واشنگٹن فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت جاری رہنے کی صورت میں ایران پر دوبارہ حملے کا امکان بہت کم ہے، تاہم فوجی آپشن بدستور موجود ہے اور ایران کے 38 پل امریکی نشانے پر ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کو ٹیلی فون پر تقریباً 20 منٹ طویل انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران بھی معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے، جبکہ امریکا مذاکرات کے ذریعے جنگ ختم کرنے کا خواہاں ہے۔
گفتگو کے دوران امریکی صدر نے 5 مرتبہ اس بات پر زور دیا کہ حالات میں بہتری اور معاہدے کی جانب پیش رفت برقرار رہی تو ایران پر نئے حملوں کا امکان انتہائی کم ہوجائے گا۔
ٹرمپ نے ساتھ ہی واضح بھی کیا کہ ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچ چکا ہے اور ملک کی معاشی و عسکری صورتحال کمزور ہوگئی ہے۔ امریکی صدر نے ایران کو ناکام ہوتی ہوئی ریاست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ امریکی فوج خطے میں ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے اور 3 امریکی طیارہ بردار بحری جہاز مکمل طور پر ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فوج نے ایران کے 38 پلوں کی نشاندہی کر رکھی ہے، جنہیں ایک گھنٹے کے اندر تباہ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ فی الحال ایسا نہیں کرنا چاہتے۔
ٹرمپ کے مطابق ان پلوں کی تباہی سے ایران کو طویل مدتی نقصان پہنچ سکتا ہے، کیونکہ ان کی دوبارہ تعمیر میں تقریباً 10 سال لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے پلوں کی تعمیر کو انتہائی مشکل کاموں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تباہی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی مضبوطی ہی مستقبل کی صورتحال کا تعین کرے گی۔ اگر مذاکرات کامیاب ہوئے تو کشیدگی کم ہوسکتی ہے، لیکن مضبوط معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ فوجی کارروائی کا امکان برقرار رہے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت