پنجاب میں آئندہ دنوں اسموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ، مریم اورنگزیب نے خبردار کردیا

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آئندہ چند روز کے دوران صوبے میں اسموگ کی شدت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پار آتش بازی کے باریک ذرات فضائی آلودگی میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے حکومتی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، جبکہ بھارت سے ملحق مشرقی کوریڈور کے قریب اسموگ گنز کا آپریشن بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ فضائی آلودگی کے مقامی ذرائع پر قابو پانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور فصلوں کی باقیات، خصوصاً دھان کے مڈھ جلانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر عائد پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسموگ میں کمی کے لیے گاڑیوں کے دھوئیں اور مضر اخراج کو کنٹرول کرنا ضروری ہے، اس لیے گاڑیوں کی فٹنس اور اخراج کے مقررہ معیار پر سختی سے عمل کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت