شیخ حسینہ کی وطن واپسی کی تیاریاں، نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے لیے بنگلہ دیشی حکام سے رجوع کرلیا

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے بھارت میں جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس آنے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے بنگلہ دیشی حکام سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔ ان کے اس اقدام کو رواں سال دسمبر میں وطن واپسی کی ممکنہ کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بنگلہ دیش میں سیاسی اور قانونی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں اقتدار سے محرومی اور ملک چھوڑنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کی نئی حکومت سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا ہے۔
لندن میں قائم قانونی ادارے میٹرکس چیمبرز کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط ارسال کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ حسینہ کے سابقہ پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کی منسوخی کی اطلاعات کے بعد انہیں نئے سفری اور قومی شناختی دستاویزات فراہم کیے جائیں۔
خط میں بنگلہ دیشی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شیخ حسینہ کی شہریت اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت حاصل قانونی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے۔ ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر بنگلہ دیشی شہری ہونے کی حیثیت سے انہیں متعلقہ دستاویزات کے حصول کا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی نمائندہ پریتی رحمان اور ڈھاکہ میں وزیراعظم طارق رحمان کے ترجمانوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
شیخ حسینہ کی وطن واپسی کی ممکنہ کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کی جماعت عوامی لیگ کو اقتدار کے خاتمے کے بعد کالعدم قرار دیا جاچکا ہے۔ جماعت کے متعدد سابق رہنما اور وزرا اس وقت مختلف مقدمات کے تحت جیلوں میں ہیں، جبکہ کئی اہم شخصیات ملک چھوڑ کر بھارت سمیت دیگر ممالک میں مقیم ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ مختلف ادوار میں مجموعی طور پر تقریباً 20 سال تک بنگلہ دیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں۔ 2024 میں شدید عوامی احتجاج کے بعد انہیں اقتدار چھوڑنا پڑا تھا، جس کے بعد انہوں نے بھارت میں پناہ لے لی تھی۔
سابق وزیراعظم کی ممکنہ واپسی بنگلہ دیش کے اندر پہلے سے موجود سیاسی تقسیم کو مزید گہرا کرسکتی ہے، جبکہ اس کے اثرات خطے کی سفارتی صورتحال پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شیخ حسینہ کو بھارت کی جانب سے پناہ دیے جانے کے بعد نئی دہلی اور ڈھاکہ کے تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوئی تھی، ایسے میں ان کی وطن واپسی کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے نئے امکانات بھی پیدا کرسکتا ہے۔
بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت کے لیے بھی یہ صورتحال ایک بڑا سیاسی اور قانونی چیلنج بن سکتی ہے کیونکہ ملک میں طویل سیاسی بحران کے بعد استحکام کی کوششیں جاری ہیں اور سابق وزیراعظم کی واپسی سے داخلی سیاست میں ایک نئی کشمکش جنم لے سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت