آئینی عدالت کے پشاور ہائیکورٹ سے متعلق 5 نومبر کے فیصلے سے کئی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کو پشاور ہائیکورٹ میں بعض آئینی درخواستوں پر کارروائی معطل کرنے کے فیصلے سے متعدد پیچیدگیاں پیدا ہوگئی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کے فیصلے سے نہ صرف سیاسی شخصیات بلکہ عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر پی ٹی آئی کے مقدمات بھی فہرست سے خارج کردیے، حالانکہ عدالت کو انتظامی بنیادوں پر مقدمات خارج نہیں کرنے چاہیے تھے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق عدالت کو مقدمات کی سماعت کرکے یہ طے کرنا چاہیے تھا کہ 5 نومبر کے فیصلے کا اطلاق کس حد تک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکم امتناع واپس لینے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کے فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کو ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت