پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جائیں، زبان اور نسل کے بجائے انتظامی بنیادوں پر تقسیم ہو، خواجہ آصف

قومی خبریں
پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جائیں، زبان اور نسل کے بجائے انتظامی بنیادوں پر تقسیم ہو، خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی انتظامی یونٹس قائم کیے جانے چاہئیں، اگر 12 یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے، تاہم ان کی تشکیل زبان، نسل یا سیاسی مفادات کے بجائے انتظامی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ صوبوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیرِ بحث ہے۔ ملک کی آبادی میں اضافے کے باعث عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے انتظامی یونٹس کی تشکیل پر غور ہونا چاہیے۔

انہوں نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 8 سے 10 صوبوں کو بڑھا کر 30 سے 32 کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات نئے انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہئیں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اختیارات کا ارتکاز ختم ہوسکے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مرکز سے صوبوں کو منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل ہدف بلدیاتی ادارے ہونے چاہئیں، جو خود بھی صوبائی حکومتوں کے محتاج رہتے ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق سیاست دانوں کو سمجھنا چاہیے کہ طاقت عوام کی امانت ہے، تاہم سیاست دان تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت