پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں این اے 77 اور پی پی 203 کی نشستیں جیت لیں

قومی خبریں

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی۔

گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 کے تمام 333 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک 43 ہزار 365 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 30 ہزار 218 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

اس نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا تھا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 کے ضمنی انتخاب میں بھی مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کرلی۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف 42 ہزار 114 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 24 ہزار 512 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے محمود بشیر ورک، جبکہ پی پی 203 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت