پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز زیرِ غور، آئینی ترمیم سے قبل ملک گیر ریفرنڈم کا امکان

پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کے تحت ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے لیے ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم سے قبل ملک گیر ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی منصوبے میں 2027 کی پہلی ششماہی کے دوران آئینی ترمیم کی جانب پیش رفت کا تصور پیش کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے ابتدائی اقدامات 2027 کی پہلی سہ ماہی میں کیے جانے کا امکان ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو 4، خیبر پختونخوا کو 3، بلوچستان کو 3 اور سندھ کو 2 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں صوبوں کی تعداد 12 ہوجائے گی۔ تاہم نئی صوبائی حدود، انتظامی ڈھانچے اور آئینی طریقہ کار سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
تجویز کے اہم نکات میں آئینی ترمیم سے پہلے ملک گیر ریفرنڈم کرانا بھی شامل ہے، جس کا مقصد نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی رائے معلوم کرنا اور اس معاملے پر وسیع تر حمایت حاصل کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تجویز کا مقصد کسی موجودہ صوبے کی سیاسی یا انتظامی حیثیت کمزور کرنا نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی مسائل اور ترقیاتی عدم مساوات سے نمٹنے کے لیے حکومتی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔
تجویز کے حامیوں کے مطابق چھوٹے صوبوں کی صورت میں حکومت کو عوام کے قریب لانے، سرکاری خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، مقامی مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے جغرافیائی حدود کے تعین، وسائل کی تقسیم، سیاسی نمائندگی اور انتظامی اختیارات کی منتقلی جیسے اہم معاملات پر وسیع سیاسی و پارلیمانی اتفاقِ رائے ضروری ہوگا۔ فی الحال یہ تجویز ابتدائی غور و خوض کے مرحلے میں ہے اور اسے حتمی حکومتی فیصلے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت