اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

واٹس ایپ کا صارفین کے لیے 2 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

قومی خبریں
واٹس ایپ کا صارفین کے لیے 2 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے 2 نئے فیچرز پیش کردیے ہیں، جن کی مدد سے اب ایپ استعمال نہ کرنے والے افراد کو بھی تقریبات کے دعوت نامے بھیجنا اور ان کی تفصیلات سے آگاہ کرنا ممکن ہوگا جبکہ تقریبات کے انتظام اور یاد دہانیوں کے لیے بھی الگ سہولت فراہم کی جائے گی۔

ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ان نئے فیچرز کا اعلان گزشتہ دنوں اپنی بلاگ پوسٹ کے ذریعے کیا۔ ان سہولیات کا مقصد تقریبات کے انعقاد، دعوت ناموں کی ترسیل اور شرکا کے ساتھ رابطے کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔

واٹس ایپ پر اب تک صارفین انفرادی اور گروپ چیٹس کے ذریعے تقریبات ترتیب دینے اور ان کے دعوت نامے بھیجنے کی سہولت استعمال کرسکتے تھے، تاہم نئی تبدیلی کے بعد یہ دائرہ کار ان افراد تک بھی بڑھا دیا گیا ہے جو اس ایپلی کیشن کا استعمال نہیں کرتے۔

اس مقصد کے لیے شیئر ایبل ایونٹ انوائیٹس نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت صارفین اپنی تقریب ترتیب دینے کے بعد اس کی مرکزی تصویر بھی شامل کرسکیں گے اور تیار کردہ دعوت نامے کا رابطہ دوسروں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔ اس رابطے کے ذریعے دعوت نامہ وصول کرنے والے افراد ایپلی کیشن اپنے موبائل فون میں نصب کیے بغیر بھی تقریب سے متعلق ضروری معلومات دیکھ سکیں گے۔

کمپنی نے اس سہولت میں صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھا ہے۔ اگر کوئی صارف دعوت نامہ وصول کرنے والے افراد سے اپنا فون نمبر پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے تو یہ سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ ایسی صورت میں دعوت نامہ دیکھنے والے افراد کو فون نمبر کے بجائے صرف تقریب کا پتہ دکھائی دے گا، جس سے ذاتی معلومات ظاہر کیے بغیر دعوت نامے کی تفصیلات پہنچانا ممکن ہوگا۔

دوسری جانب کمپنی نے ایونٹس ہوم کے نام سے ایک اور نیا فیچر بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو تقریبات سے متعلق تمام اہم سرگرمیوں کے لیے ایک مرکزی مقام کے طور پر کام کرے گا۔ اس سہولت کے ذریعے صارفین اپنے دعوت ناموں اور تقریبات کی تفصیلات ایک ہی جگہ پر منظم کرسکیں گے۔

اس فیچر کی ایک نمایاں خصوصیت اپنی مرضی کے مطابق یاد دہانیاں ترتیب دینے کی سہولت ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی تقریب کے حوالے سے اپنی پسند کے وقت پر یاد دہانی مقرر کرسکیں گے، تاکہ اہم مواقع یا طے شدہ پروگرام بھولنے کا خدشہ کم ہوسکے۔

واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق دونوں نئے فیچرز کی فراہمی کا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران انہیں بتدریج صارفین کے لیے جاری کردیا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت