خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے ٹرائل کیلئے فیس لیس عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے شناخت خفیہ رکھنے والی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں پولیس کی 17 ہزار خالی آسامیاں پُر کرنے، محکمہ انسداد دہشت گردی کی استعداد 12 فیصد سے بڑھا کر 37 فیصد اور پولیس کی مجموعی استعداد 75 فیصد تک لے جانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کو درپیش افرادی قوت، مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی کمی دور کرنے کے لیے تقریباً 70 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
مجوزہ نظام کے تحت دہشت گردوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے ایسی عدالتیں قائم کی جائیں گی جہاں ججوں، گواہوں، پولیس اہلکاروں اور دیگر متعلقہ افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد متعلقہ افراد کو دہشت گردوں یا ان کے نیٹ ورک کی جانب سے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت