اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

جاپان: 5.7 شدت کا زلزلہ، 20 افراد زخمی

قومی خبریں
جاپان: 5.7 شدت کا زلزلہ، 20 افراد زخمی

جاپان کے وسطی حصے میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ عمارتوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارتوں کے اندر موجود سامان زمین پر گرگیا۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر ریل گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی، جس کے باعث شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ اتوار 8 نومبر 2026 کو مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 4 منٹ پر صوبہ شیزوکا کے مغربی علاقے میں آیا۔ زلزلے کا مرکز زمین سے تقریباً 40 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جبکہ اس کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے سب سے زیادہ جھٹکے صوبہ آئچی کے شہر چیتا میں محسوس کیے گئے، جہاں جاپانی زلزلہ پیما پیمانے پر شدت 5 سے زیادہ درج کی گئی۔ اس کے علاوہ شیزوکا، ناگانو اور گیفو کے مختلف علاقوں میں بھی زمین لرزنے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

حکام کے مطابق زخمی ہونے والے بیشتر افراد زلزلے کے دوران توازن برقرار نہ رکھ پانے، سیڑھیوں سے پھسلنے یا محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی کوشش میں حادثات کا شکار ہوئے۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت