اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

گیس اور بجلی میں موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری، نیا طریقہ کار تیار

قومی خبریں
گیس اور بجلی میں موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری، نیا طریقہ کار تیار

اسلام آباد: حکومت نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار تیار کرلیا ہے، تاہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بجلی صارفین کے لیے یکم جنوری اور گیس صارفین کے لیے فروری 2027 سے نیا نظام نافذ کرنا چاہتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی دینے کے لیے نئی اقتصادی و سماجی رجسٹری تیار کرلی ہے۔

نئے نظام پر عمل درآمد کا فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی کرے گی، جبکہ اس سے قبل مجوزہ طریقہ کار کا تجرباتی جائزہ بھی لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی صارفین کے لیے یکم جنوری اور گیس صارفین کے لیے فروری 2027 سے نیا نظام نافذ کرنے کی شرط رکھی ہے، تاہم حکومت موجودہ طریقہ کار کے تحت سبسڈی 30 جون 2027 تک جاری رکھنا چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو موجودہ ریلیف مزید 6 ماہ جاری رکھنے کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی میں 6 ماہ کی توسیع حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت