اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

برطانوی خاتون نے 105.9 ڈیسی بل کی چیخ کے ساتھ دنیا کی بلند ترین آواز کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

قومی خبریں
برطانوی خاتون نے 105.9 ڈیسی بل کی چیخ کے ساتھ دنیا کی بلند ترین آواز کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنی غیر معمولی بلند آواز کے ذریعے دنیا بھر میں منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ 1987 سے عوامی اعلانات کرنے والی منادی کے شعبے سے وابستہ برینڈا ولیسن نے 105.9 ڈیسی بل کی شدت سے چیخ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق برینڈا ولیسن نے یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے 9 ستمبر کو باقاعدہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی، جس کے دوران انہوں نے روایتی منادی کا نعرہ ’’اوییز‘‘ 105.9 ڈیسی بل کی آواز میں بلند کیا۔ ان کی اس غیر معمولی کارکردگی پر انہیں 2 عالمی اعزازات سے نوازا گیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ان میں خواتین میں سب سے بلند آواز رکھنے والی ٹاؤن کرائر کا اعزاز اور خواتین کی کیٹیگری میں کسی فرد کی جانب سے بلند ترین چیخ کا عالمی ریکارڈ شامل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’اوییز‘‘ کوئی عام لفظ نہیں بلکہ قدیم زمانے سے عوامی اعلانات کرنے والے منادی کرنے والوں کے زیر استعمال ایک روایتی صدا ہے۔ اس لفظ کے ذریعے لوگوں کی توجہ کسی اہم اعلان کی جانب مبذول کرائی جاتی ہے، جس کا مفہوم ’’سنیے‘‘ یا ’’توجہ فرمائیے‘‘ ہے۔ اس کی لسانی جڑیں اینگلو نارمن اور قدیم فرانسیسی زبان سے ملتی ہیں۔

برینڈا ولیسن کا کہنا ہے کہ ریکارڈ قائم کرنے کی باضابطہ کوشش کے دوران انہیں محسوس ہوا کہ ان کی آواز اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق بلند نہیں ہوسکی تھی، یعنی وہ اس سے بھی زیادہ بلند آواز نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ برینڈا ولیسن نے 1987 میں پیٹربورو کی ٹاؤن کرائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے عوامی مقامات پر اعلانات اور منادی کے روایتی شعبے سے وابستہ ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت