این اے 77 گوجر انوالہ، پی پی 203 چیچہ وطنی پر ضمنی انتخابات، پولنگ کا عمل جاری

گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 اور چیچہ وطنی کے حلقہ پی پی 203 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، دونوں حلقوں میں مجموعی طور پر 12 امیدوار میدان میں ہیں۔
گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 میں مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک اور مرکزی مسلم لیگ کے قاضی ابراہیم گجر کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ الفت رسول وڑائچ آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے اس نشست پر اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 77 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 18 ہزار ہے اور پولنگ کے لیے 333 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب چیچہ وطنی کے حلقہ پی پی 203 میں بھی ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے، جہاں 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے اسد حنیف جٹ، اویس گجر، چوہدری شعیب، آصف سلطان، وحید کاٹھیا، عمر بشیر جٹ اور فرحان آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی نے اس حلقے میں بھی ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے کوئی امیدوار میدان میں نہیں اتارا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 203 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 122 ہے اور مجموعی طور پر 185 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ انتخابی سکیورٹی کے لیے پولیس کی 7 ریزرو نفری بھی تیار رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے محمود بشیر ورک، جبکہ پی پی 203 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت