اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

شدید بارشوں سے غزہ میں بے گھر افراد کے ہزاروں خیمے زد میں آگئے، امدادی سامان کی قلت سے مشکلات میں اضافہ

قومی خبریں
شدید بارشوں سے غزہ میں بے گھر افراد کے ہزاروں خیمے زد میں آگئے، امدادی سامان کی قلت سے مشکلات میں اضافہ

غزہ میں شدید بارش کے باعث اسرائیلی حملوں سے بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، بارش کا پانی خیموں اور سڑکوں پر جمع ہونے سے عارضی پناہ گاہیں زیرِ آب آگئیں۔

بعض متاثرہ خاندانوں نے متبادل جگہ ملنے پر اپنا سامان اور اہلِ خانہ منتقل کردیے، جبکہ کئی فلسطینی خیموں میں پانی بھر جانے کے باعث بالٹیوں سے پانی نکالتے رہے۔

اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی کے باعث فلسطینی مسلسل تیسرا موسم سرما بھی بے سروسامانی میں گزارنے پر مجبور ہیں۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران کم از کم 70 ہزار خیمے بارش کے پانی سے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار بے گھر افراد مشکلات کا شکار ہوگئے۔

غزہ کی سول ڈیفنس سروس کا کہنا ہے کہ بے گھر شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے متعدد فون کالز موصول ہوئی ہیں۔

میونسپل اور سول ڈیفنس حکام نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایندھن کی شدید قلت اور امدادی آلات کو پہنچنے والے بھاری نقصان کے باعث وہ صورتحال سے نمٹنے سے قاصر ہیں۔

حکام کے مطابق اسرائیل نے جنگ کے دوران بلڈوزروں، پانی نکالنے والی مشینوں اور سول ڈیفنس کی سیکڑوں دیگر گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔

اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کے 20 لاکھ سے زائد رہائشیوں کی اکثریت بے گھر ہوچکی ہے، جبکہ علاقے کا بیشتر حصہ کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اس تباہی کے باعث بڑی تعداد میں فلسطینی خیمہ بستیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت