امریکی فوج نے ایران سے آنیوالے بحری جہاز کو حملہ کرکے ناکارہ بنادیا

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج عمان میں ایک تجارتی بحری جہاز کو کارروائی کرکے ناکارہ بنا دیا ہے۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جہاز کے سویلین عملے نے بار بار دی جانے والی وارننگز نظر انداز کیں اور ایران پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی طیارے نے سینٹ کٹس کے پرچم بردار کارگو جہاز ’ایم وی ہدیٰ‘ کے پچھلے حصے کو گائیڈڈ گولہ بارود سے نشانہ بنایا تاکہ جہاز کو ناکارہ بنایا جاسکے۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکی فورسز نے عملے کو متعدد مرتبہ سمندری حدود سے نکلنے کی ہدایت کی، تاہم اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق کارگو جہاز ایک ایرانی بندرگاہ کا دورہ کرنے کے بعد علاقائی پانیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی سینٹکام نے جولائی سے آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں پر سخت بحری ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے۔
سینٹکام کے مطابق اس فوجی مہم کے دوران امریکی فورسز اب تک 147 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ چکی ہیں، جبکہ وارننگز اور احکامات نظر انداز کرنے والے 5 تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا جاچکا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت