پولینڈ کے سیاحتی شہرمیں اندھا دھند فائرنگ سے 6 افراد ہلاک،حملہ آور گرفتار

پولینڈ کے شہر کراکوف میں فائرنگ کے واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کرنے کی کارروائی۔
کراکوف: پولینڈ کے تاریخی اور سیاحتی شہر کراکوف کے سب سے مصروف مرکزی بازار میں ایک مسلح شخص نے معصوم شہریوں پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 15 دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
پولش حکام کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 3 بجے اس وقت پیش آیا جب چوک میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
عینی شاہدین اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 سالہ پولش نژاد حملہ آور فوجی لباس اور بلٹ پروف جیکٹ پہنے ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں سوار تھا۔ اس نے کراکوف کے مشہور چوک ‘رائنک غوؤنی’ پر پہنچ کر گاڑی کی کھڑکی سے ملٹری گریڈ کی خودکار لانگ رائفل کے ذریعے چوک میں موجود لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر وہاں سے گزرنے والی ایک مقامی ٹرام بھی آئی جس کے ڈرائیور کی کیبن کا شیشہ چکنا چور ہو گیا تاہم مسافر محفوظ رہے۔
اس وحشیانہ کارروائی میں موقع پر موجود 4 خواتین اور 2 مرد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حملے میں زخمی ہونے والے 15 افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کی جانیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جن میں سے ایک سیکیورٹی اہلکار کو متعدد گولیاں لگی ہیں اور اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت