اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

یوکرین کا اتحادیوں سے امداد جاری رکھنے کا مطالبہ

قومی خبریں

کیف : یوکرین کے اعلیٰ حکام نے ملک کی مخدوش صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے اتحادیوں سے اپنی امداد جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی اتحادیوں پر باضابطہ زور دے رہے ہیں کہ وہ بجلی کی قلت کے خاتمے کے لیے اپنی مددجاری رکھیں۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ صدر زیلنسکی کی جانب سے مذکورہ اپیل ایک ایسے وقت میںکی گئی ہے جب حالیہ دنوں میں توانائی کی ملکی تنصیبات روس کے شدید حملوں سے متاثر ہوئی ہیں۔ نیوز ایجنسیز کے مطابق یوکرین میں توانائی کے اول نائب وزیر آرتیم نیکراسوف نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اِن تنصیبات پر گزشتہ6 دنوں میں 78 حملے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ناٹو کے سیکرٹری جنرل نے بھی یورپی سلامتی کے لیے روس کے خطرے سے نمٹنے میں سستی برتنے کے خلاف خبردار کیا اور رکن ممالک سے اپنی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور یوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اتحادیوں سے اپنی توجہ برقرار رکھنے اور اپنی مسلح افواج کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے روس کے مقابلے میں یوکرین کو مضبوط رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت