امریکا کا ایران پر نیا حملہ، ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف نئی محدود فوجی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا، تاہم انہوں نے حملے کے مقام اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجی کارروائی کو معمولی نوعیت کا قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے ایک چھوٹا فضائی دفاعی نظام قائم کر رکھا تھا، جسے امریکی فوج نے انتہائی مختصر وقت میں تباہ کردیا۔
امریکی صدر کے مطابق اس کارروائی کو مکمل کرنے میں تقریباً 15 منٹ لگے، تاہم ممکن ہے کہ فوج نے یہ ہدف صرف 5 منٹ میں حاصل کرلیا ہو۔
انہوں نے کارروائی کی کامیابی کا دعویٰ تو کیا، لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام کو کس مقام سے اور کن ہتھیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ نے جزیرہ قشم کے علاقے سوزہ میں 2 دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی تھی۔ یہ جزیرہ آبنائے ہرمز میں واقع ہے، جو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل سمندری راستہ سمجھا جاتا ہے۔
ادھر ایرانی ذرائع ابلاغ نے جوابی کارروائی سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے جزیرہ قشم کی فضائی حدود میں ایک امریکی ایم کیو 1 پریڈیٹر ڈرون کو بھی نشانہ بنا کر مار گرایا ہے۔ تاہم ایرانی حکام کے اس دعوے کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت