ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست فلسطینیوں کی مزاحمت کی کامیابی ہے: حافظ نعیم الرحمان

قومی خبریں
ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست فلسطینیوں کی مزاحمت کی کامیابی ہے: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی طویل جدوجہد اور مزاحمت نے دنیا کو حقیقی استقامت کا سبق دیا ہے، امریکا میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل نواز گروپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، فلسطینیوں نے ثابت کیا ہے کہ مزاحمت کیا ہوتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی لابی کو شکست ہوئی ہے۔اسرائیل نے 90 ہزار فلسطینی شہید کیے، فلسطینیوں کی استقامت نے بتایا کہ صہیونیت کے مقابل کیسے مزاحمت کی جاتی ہے، اس مزاحمت نے پوری دنیا کو 2 حصوں میں تقسیم کر دیا اور یہ اسی مزاحمت کی کامیابی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست ہوئی۔ مقبوضہ کشمیر کی قرار داد موجود ہے مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا، ویٹو نظام نے پوری دنیا کو تباہ کر دیا ہے۔یہ بات انہوں نے ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔

ان کا کہنا تھا ملک میں سیاسی افراتفری ہے، مرکز و صوبے میں عوام کی حکومت نہیں، بلکہ یہ سب فارم 47 کی پیداوار ہیں۔کراچی دنیا کا بدترین رہائشی شہر بن چکا ہے، سندھ بھر میں کرپشن و لوٹ مار ہے، زبانی جمع خرچ اور تاثر بنانے سے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ عوام نے میئر جماعتِ اسلامی کا منتخب کیا مگر وہ چھین لیا گیا۔ ہمارے ٹاؤنز بھرپور ترقیاتی کام کر رہے ہیں، اسکول سڑکیں پارکس بنا ئے جا رہے ہیں، سیوریج، پانی اور کچرے کا اختیار ٹاؤنز کے پاس نہیں ہے اس لیے حالات نہیں بدلتے۔

امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے معاملے پر حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی دوبارہ سڑکوں پر نکلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر ماہ عوام سے تقریباً 150 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کر رہی ہے، جس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ حکومت کے پاس پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دینے کا کیا طریقہ کار ہے، جس پر انہوں نے ایک سے دو روز میں متعلقہ اعداد و شمار فراہم کرنے کی بات کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت