امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ نہ ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں: قطر

قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی کوششیں ناکام ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک اب بھی کسی متفقہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
قطری میڈیا آفس کے مطابق وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کے حالیہ بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ان کے بیان کا مقصد یہ تاثر دینا نہیں تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے جاری سفارتی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں، بلکہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت اور معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔
قطری وزیراعظم نے جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور ایران کسی جامع معاہدے پر اتفاق کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ کسی ایسے مثالی معاہدے کے انتظار میں رہنے کے بجائے ایک قابل قبول اور مؤثر سمجھوتے کو ترجیح دیں، جس پر دونوں فریق اتفاق کرسکیں۔
قطری میڈیا آفس نے وضاحت کی کہ وزیراعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ان کا مقصد مذاکراتی عمل کے خاتمے یا معاہدے کی کوششوں میں ناکامی کا اعلان کرنا نہیں تھا۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے مقابلے میں اب ایران کی مسلح افواج زیادہ طاقتور، چوکس اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق محمد اکرمینیا نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ براہ راست فوجی تصادم نے ایرانی افواج کی دفاعی صلاحیتوں اور خوداعتمادی میں اضافہ کیا ہے۔ جنگی تجربات سے فوج کی عملی استعداد میں بہتری آئی ہے اور مسلح افواج اب پہلے سے زیادہ مضبوط عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی پوزیشن میں ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت