بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

پیٹرول پمپس عوام کو ریلیف دیں، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم

قومی خبریں
پیٹرول پمپس عوام کو ریلیف دیں، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف پر عمل درآمد نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی، بعض پیٹرول پمپس کی جانب سے عوام کو ریلیف نہ دینے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، وزیر پیٹرولیم ایسے پمپس کے خلاف فوری کارروائی کریں تاکہ آئندہ کسی کو عوام کے ساتھ ناانصافی کرنے کی جرات نہ ہو۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے بچانے کے لیے بروقت فیصلے کیے ہیں، بعض پیٹرول پمپس کی جانب سے حکومتی اقدامات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے پیٹرول پمپس کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو حکومتی فیصلوں کے باوجود صارفین کو ریلیف فراہم نہیں کررہے، عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا، حکومت نے بروقت فیصلے کرکے اس اضافے کو روک دیا اور عوام کو ممکنہ اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھا، حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ایل پی جی کی فراہمی کے معاملے پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور حکومت خود ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی، ایل پی جی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں عوام کو درپیش مشکلات کم کرنے اور ضروری ایندھن کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ ایل پی جی کی درآمد کے ذریعے رسد بہتر بنانے سے مارکیٹ میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی میں مدد ملے گی۔

شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سکیورٹی ہے، امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اس پیکج کا مقصد صوبے کی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی و دیگر اہم شعبوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم کے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے، حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے، ایل پی جی کی درآمد اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی و ترقیاتی ضروریات کو اہمیت دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت