ترک فضائیہ کا ہیلی کاپٹرتربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ، 5 اہلکار جاں بحق

انقرہ: ترکیہ کے شمال مغربی صوبے ایسکی شہر میں ترک فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے تمام 5 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ترک وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا اے ایس 532 کوگر (AS-532 Cougar) ہیلی کاپٹر ایسکی شہر میں واقع فضائیہ کے فرسٹ مین جیٹ بیس کمانڈ سے تربیتی پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر ایسکی شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر مغرب میں واقع گاؤں یوروکاکچائر کے قریب جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ مقامی میڈیا کی فوٹیج میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا جبکہ امدادی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائیاں شروع کر دیں۔
وزارتِ دفاع نے حادثے میں پانچوں فوجی اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت