منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر مون کا نظارہ، چاند معمول سے زیادہ بڑا اور روشن

قومی خبریں
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر مون کا نظارہ، چاند معمول سے زیادہ بڑا اور روشن

کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج سال 2026 کے دوسرے سپر مون کا نظارہ کیا جا رہا ہے، نومبر کا مکمل چاند جسے ’’بیور مون‘‘ بھی کہا جاتا ہے، معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل 24 نومبر کو سپر مون کا یہ خوبصورت فلکیاتی منظر دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان میں سپر مون اپنے مکمل مرحلے پر رات 7 بج کر 53 منٹ پر پہنچا، جبکہ کراچی میں چاند تقریباً شام 5 بج کر 18 منٹ پر طلوع ہوا تھا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب مکمل چاند اپنے مدار میں زمین کے نسبتاً قریب پہنچ جاتا ہے، جس کے باعث وہ عام دنوں کے مقابلے میں قدرے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس مرتبہ چاند زمین سے تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار 768 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا اور عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.5 فیصد بڑا اور 13.5 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سپر مون کا نظارہ کرنے کے لیے کسی خصوصی دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں، صاف موسم میں اسے عام آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جنوری 2026 کے بعد یہ رواں سال کا دوسرا سپر مون ہے، جبکہ اگلا سپر مون 24 دسمبر کو نظر آنے کی توقع ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت