منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبر پختونخوا کے تورغر میں مسافر گاڑی کو حادثہ، خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق

قومی خبریں
خیبر پختونخوا کے تورغر میں مسافر گاڑی کو حادثہ، خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق

تورغر: خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں مسافر گاڑی الٹنے کے افسوسناک حادثے میں ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ تورغر کے علاقے شاہ تل روڈ پر گیگانی کنڈاؤ کے مقام پر پیش آیا، جہاں شاہ تل سے جدباء جانے والی مسافروں سے بھری ڈاٹسن گاڑی کے بریک فیل ہوگئے، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 3 مرد، 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بٹگرام کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں مولانا سمیع اللہ، سخیم اللہ، ڈرائیور حکیم خان اور کریم بھی شامل ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت