بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چھینک روکنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، گلے میں سوراخ اور کان کا پردہ پھٹنے کا خدشہ

قومی خبریں
چھینک روکنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، گلے میں سوراخ اور کان کا پردہ پھٹنے کا خدشہ

کراچی :اگر آپ بھی دفتر، کسی میٹنگ، محفل یا مہمانوں کے سامنے چھینک آنے پر اسے روکنے کی کوشش کرتے ہیں تو محتاط ہوجائیں کیونکہ طبی ماہرین کے مطابق چھینک کو زبردستی روکنا بعض اوقات سنگین طبی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ ناک اور منہ کو بیک وقت بند کرکے چھینک روکنے سے گلے کے اندر دباؤ غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں گلے کے اندرونی حصے میں سوراخ، کان کے پردے کو نقصان اور دیگر پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق چھینک انسانی جسم کا ایک قدرتی دفاعی عمل ہے، جس کے ذریعے ناک میں داخل ہونے والی گردوغبار، جراثیم اور دیگر غیر ضروری ذرات کو ہوا کے تیز دباؤ کے ذریعے باہر نکالا جاتا ہے۔ جب ناک میں کوئی ایسی چیز داخل ہوتی ہے جو اندرونی جھلیوں کو متاثر کرتی ہے تو جسم خودکار طور پر چھینک کے ذریعے اسے باہر نکالنے کی کوشش کرتا ہے۔

بعض افراد سماجی آداب، دفتر کے ماحول یا کسی محفل میں موجودگی کے باعث چھینک روکنے کے لیے ناک اور منہ دونوں بند کرلیتے ہیں۔ بظاہر معمولی دکھائی دینے والی یہ حرکت بعض حالات میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ چھینک کے دوران پیدا ہونے والی ہوا کو باہر نکلنے کا راستہ نہیں ملتا اور اس کا دباؤ گلے اور سانس کی نالی کے حساس حصوں پر پڑتا ہے۔

طبی رپورٹوں میں ایک ایسے شخص کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے جو دفتر میں ایک اہم اجلاس کے دوران موجود تھا۔ اسے زور دار چھینک آئی لیکن اس نے دوسروں کے سامنے چھینکنے سے بچنے کے لیے ناک اور منہ بند کرکے اسے روک لیا۔ کچھ ہی دیر بعد اسے گلے کے اندر غیر معمولی احساس ہوا، اس کی گردن سوجنے لگی اور آواز بھی بیٹھ گئی۔

طبیعت خراب ہونے پر وہ اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے اور ایکسرے کے ذریعے اس کے گلے میں سوراخ اور اندرونی بافتوں کو نقصان پہنچنے کی نشاندہی کی۔ یہ واقعہ اس بات کی مثال ہے کہ چھینک کو زبردستی روکنے کا عمل بعض اوقات کس قدر سنگین نتائج پیدا کرسکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق چھینک کے دوران سینے، سانس کی نالی اور گلے میں ہوا کا دباؤ بڑھتا ہے۔ اگر ناک اور منہ دونوں بند کردیے جائیں تو یہ دباؤ جسم کے اندرونی حصوں میں منتقل ہوسکتا ہے۔ بعض غیر معمولی واقعات میں گلے کے ٹشوز متاثر ہونے، گردن کے اندر ہوا جمع ہونے اور سانس کی نالی کو نقصان پہنچنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

انگلینڈ میں 34 سالہ ایک شخص کو چھینک روکنے کے باعث گلے میں شدید چوٹ آئی تھی، جس کے بعد اسے 7 دن تک خوراک فراہم کرنے کے لیے ٹیوب کا سہارا لینا پڑا۔ اسی طرح اسکاٹ لینڈ میں ایک نوجوان نے گاڑی چلاتے ہوئے چھینک روکنے کی کوشش کی تو اس کی سانس کی نالی میں سوراخ ہوگیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چھینک کو زبردستی روکنے کے بجائے اسے قدرتی انداز میں آنے دینا زیادہ محفوظ ہے۔ اگر کسی عوامی مقام یا دفتر میں چھینک آئے تو منہ اور ناک کو ٹشو یا کہنی کے اندرونی حصے سے ڈھانپ لینا چاہیے، ناک اور منہ کو مکمل طور پر بند کرکے چھینک روکنے سے گریز کرنا ضروری ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت