بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

42 فیصد پاکستانیوں کی پہلی ترجیح زیادہ پیسہ، ذہنی سکون دوسرے اور صحت تیسرے نمبر پر

قومی خبریں
42 فیصد پاکستانیوں کی پہلی ترجیح زیادہ پیسہ، ذہنی سکون دوسرے اور صحت تیسرے نمبر پر

اسلام آباد : زندگی میں سب سے زیادہ کیا چاہیے؟ گیلپ پاکستان کے تازہ سروے میں پاکستانیوں کی ترجیحات سامنے آگئیں، 42 فیصد شہریوں نے زیادہ پیسے کو زندگی کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیا ہے جبکہ ذہنی سکون 23 فیصد کے ساتھ دوسرے اور بہتر صحت 15 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے نزدیک مالی آسودگی زندگی کی اولین ترجیح ہے جبکہ ذہنی سکون اور اچھی صحت بھی لوگوں کی اہم ضروریات میں شامل ہیں۔

گیلپ پاکستان کی جانب سے کیے گئے سروے میں ملک بھر کے شہریوں سے سوال کیا گیا کہ وہ اپنی زندگی میں سب سے زیادہ کیا چاہتے ہیں اور ان کے نزدیک زندگی کی سب سے اہم ضرورت کیا ہے؟ اس سوال کے جواب میں 42 فیصد افراد نے زیادہ پیسے کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیا۔ اس کے برعکس 23 فیصد افراد نے ذہنی سکون کو سب سے اہم ضرورت بتایا جبکہ 15 فیصد نے بہتر صحت کو اپنی بنیادی ترجیح قرار دیا۔

سروے کے مطابق 6، 6 فیصد پاکستانیوں نے زیادہ آرام اور خاندان کے لیے زیادہ وقت کو زندگی کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اسی طرح 4 فیصد افراد نے زیادہ فرصت کو ترجیح دی جبکہ 2 فیصد پاکستانیوں کے نزدیک تفریح زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔

گیلپ پاکستان کے سروے میں شہری اور دیہی علاقوں کے لوگوں کی ترجیحات میں بھی فرق سامنے آیا۔ اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں 29 فیصد افراد نے ذہنی سکون کو اپنی اہم ضرورت قرار دیا جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 20 فیصد رہی۔ اس طرح ذہنی سکون کو اہمیت دینے والے شہریوں کی شرح دیہی آبادی کے مقابلے میں زیادہ رہی۔

بہتر صحت کے حوالے سے دیہی علاقوں کے افراد شہریوں سے آگے نظر آئے۔ سروے میں دیہی علاقوں کے 17 فیصد افراد نے اچھی صحت کو اپنی اولین ضرورت قرار دیا جبکہ شہری علاقوں میں بہتر صحت کو ترجیح دینے والوں کی شرح 12 فیصد رہی۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مختلف علاقوں میں رہنے والے افراد کی ضروریات اور ترجیحات میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔

سروے کا ایک دلچسپ پہلو مردوں اور خواتین کی ترجیحات میں سامنے آنے والا فرق بھی ہے۔ زیادہ پیسے کی خواہش کے معاملے میں خواتین مردوں سے آگے رہیں، 50 فیصد خواتین نے زیادہ پیسے کو زندگی کی سب سے اہم ضرورت قرار دیا، جبکہ مردوں میں یہ شرح 34 فیصد رہی۔

دوسری جانب ذہنی سکون کو اہمیت دینے والے مردوں کی شرح خواتین کے مقابلے میں زیادہ رہی۔ سروے میں 25 فیصد مردوں نے ذہنی سکون کو اپنی اولین ترجیح بتایا جبکہ خواتین میں یہ شرح 22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

گیلپ پاکستان کے مطابق اس سروے میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے 859 مردوں اور خواتین کی آرا شامل کی گئیں۔ یہ ٹیلی فونک سروے 15 سے 22 اکتوبر 2026 کے دوران کیا گیا۔

سروے کے مجموعی نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے لیے مالی آسودگی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہے جبکہ ذہنی سکون اور بہتر صحت بھی ان کی ترجیحات میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ خواتین میں زیادہ پیسے کی خواہش کا تناسب مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہونا اور شہری علاقوں میں ذہنی سکون کو نسبتاً زیادہ اہمیت دینا بھی سروے کے اہم نتائج میں شامل ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت