بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث کراچی میں پیپلز بس سروس کے روٹس محدود ہوگئے

قومی خبریں
سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث کراچی میں پیپلز بس سروس کے روٹس محدود ہوگئے

کراچی: شہر کی تباہ حال سڑکوں نے عوامی سفری سہولتوں کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے، جس کے باعث پیپلز بس سروس کے روٹ آر 3 کو تقریباً 3 کلومیٹر تک محدود کردیا گیا ہے۔ اب پاور ہاؤس چورنگی سے ناصر جمپ تک چلنے والی بسیں اپنا سفر مکمل کیے بغیر ہی واپس روانہ ہوں گی۔

پیپلز بس سروس کی انتظامیہ کے مطابق روٹ میں تبدیلی کا فیصلہ سڑکوں کی خستہ حالی اور اس کے نتیجے میں بسوں کو پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نئے انتظام کے تحت بسیں شان چورنگی سے ناصر جمپ تک نہیں جائیں گی بلکہ شان چورنگی پہنچنے کے بعد وہیں سے واپسی کا سفر شروع کردیں گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی خراب سڑکوں پر بھاری بسیں چلانے سے گاڑیوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ یہ بسیں اس نوعیت کی خستہ حال سڑکوں پر چلانے کے لیے تیار نہیں کی گئیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہےکہ سڑکوں کی مرمت اور بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ آگاہ بھی کیا جاچکا ہے، تاہم صورتحال میں بہتری نہ آنے کے باعث روٹ محدود کرنا پڑا۔

پیپلز بس سروس انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر سڑکوں کی حالت درست نہ کی گئی تو بسوں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے دوسرے روٹس پر بھی سروس محدود کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت