واٹس ایپ کا نیا فیچر، پیغام میں موجود نمبر، تاریخ اور پتے سے متعلقہ سہولتیں براہِ راست دستیاب ہوں گی
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے پیغامات میں درج معلومات کو براہ راست استعمال کرنے کی سہولت فراہم کردی ہے۔ نئے فیچر کے ذریعے پیغام میں موجود فون نمبر سے کال کرنے یا اسے محفوظ کرنے، تاریخ اور وقت کو کیلنڈر میں شامل کرنے اور پتے کو نقشے پر دیکھنے سمیت متعدد کام انجام دیے جاسکیں گے۔
اس سہولت کو ’میسج ٹیکسٹ ایکشنز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ فیچر کے تحت واٹس ایپ کسی پیغام میں موجود متعلقہ معلومات کی شناخت کرکے ان کے نیچے نقطوں کی لکیر ظاہر کرے گا۔ اس پر کلک کرنے سے صارف کے سامنے دستیاب اختیارات آجائیں گے، جن کی مدد سے وہ مطلوبہ کارروائی کرسکے گا۔
فون نمبر کی صورت میں صارف اسے نقل کرنے، موبائل رابطوں میں محفوظ کرنے یا براہ راست کال کرنے کا انتخاب کرسکے گا۔ اسی طرح پیغام میں درج تاریخ اور وقت کو موبائل کے کیلنڈر میں شامل کیا جاسکے گا، جبکہ واٹس ایپ کے اندر ہی کسی تقریب کا اندراج بھی ممکن ہوگا۔
نئے فیچر کے ذریعے پیغام میں موجود پتے کو نقل کرنے یا نقشے کی ایپلی کیشن میں کھولنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ای میل پتے کے لیے بھی یہی طریقہ کار ہوگا، جس کے تحت صارف اسے نقل کرسکے گا یا اپنے موبائل کی ای میل ایپلی کیشن میں کھول سکے گا۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ سہولت صرف موصول ہونے والے پیغامات تک محدود نہیں ہوگی بلکہ صارف کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات میں موجود معلومات پر بھی کام کرے گی۔ صارفین کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ فیچر کی جانب سے فراہم کردہ تجاویز پر اپنی رائے دے سکیں اور کسی معلومات کی غلط شناخت کی نشاندہی کرسکیں۔
واٹس ایپ کے مطابق پیغامات میں موجود معلومات کی شناخت صارف کے اپنے موبائل فون پر کی جاتی ہے۔ اس عمل کے دوران پیغام کا مواد کمپنی کے سرورز پر نہیں بھیجا جاتا، جس سے پیغامات کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہتی ہے۔
یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے تازہ ترین نسخے استعمال کرنے والے بعض صارفین کو مرحلہ وار فراہم کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے تاحال تمام صارفین کے لیے اس کے اجرا کی حتمی تاریخ نہیں بتائی، تاہم توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت