سعودی عرب نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کردی: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ذمے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی کا معاملہ مناسب وقت تک مؤخر ہوچکا ہے، جبکہ موجودہ حالات میں ریاض سے اضافی مالی معاونت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ مالی معاملات پر پیش رفت ہوچکی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے پیش نظر پاکستان کو اس حوالے سے کسی تشویش کا سامنا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ بھی ان کی خوشگوار اور مفید ملاقات ہوئی ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اس وقت 3 ماہ کی درآمدات کے اخراجات پورے کرنے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں، اس لیے فی الحال سعودی عرب سے مزید مالی تعاون درکار نہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں سے متعلق بتایا کہ پاکستان کو ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو کے بانڈز کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ان ادائیگیوں کے لیے ایسا انتظام کیا جائے جس سے مستقبل میں مالی مشکلات پیدا نہ ہوں اور مقررہ واجبات کی ادائیگی میں رکاوٹ پیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے انتظامی بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں دیے جانے کا امکان ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت