بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

شاہ محمود قریشی جیل میں چکر آنے سے گر پڑے، گھٹنے اور بازو پر چوٹیں

قومی خبریں
شاہ محمود قریشی جیل میں چکر آنے سے گر پڑے، گھٹنے اور بازو پر چوٹیں

لاہورر: کوٹ لکھپت جیل میں قید تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہوگئی، بیرک میں چہل قدمی کے دوران چکر آنے سے گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئیں۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ جیل کی بیرک میں چہل قدمی کررہے تھے کہ اچانک انہیں چکر آگئے اور وہ زمین پر گر پڑے۔

وکیل کا کہنا ہے کہ گرنے کے باعث شاہ محمود قریشی کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں، جس کے بعد جیل حکام نے ان کے خون کے نمونے حاصل کرکے اسپتال بھجوا دیے ہیں تاکہ ان کے طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹ کیے جاسکیں۔

بیرسٹر تیمور کے مطابق شاہ محمود قریشی کی طبیعت کے پیش نظر ان کے مکمل طبی معائنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ان کا سی ٹی اسکین کرانے اور مناسب علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی صحت سے متعلق صورت حال کے پیش نظر ضروری ہے کہ انہیں بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے تمام ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں تاکہ طبیعت ناساز ہونے کی اصل وجہ معلوم ہوسکے۔

شاہ محمود قریشی کی طبیعت خراب ہونے اور دورانِ چہل قدمی گرنے کے واقعے کے بعد ان کے اہل خانہ اور وکلا کی جانب سے طبی معائنے اور علاج معالجے کے حوالے سے اقدامات کیے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت