بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کے واقعات میں 17 فیصد کمی آئی ہے: آئی جی سندھ کا دعویٰ

قومی خبریں

کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے صوبے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے واقعات میں 17 فیصد کمی کا دعویٰ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کے واقعات میں 17 فیصد جبکہ زخمی ہونے کے واقعات میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آئی جی سندھ کے مطابق کراچی میں اس وقت 42 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، تاہم شہر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 60 ہزار اہلکار درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اہلکاروں کی ضرورت ہے جو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے واقف ہوں۔

جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے تعاون سے شہر میں نگرانی کے کیمروں کی تعداد 32 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کردی گئی ہے، جبکہ رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی 14 فیصد کمی آئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت