سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کا فاسٹ ٹریک پچز تیار کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تھنک ٹینک نے سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کر دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچوں میں جاندار اور فاسٹ ٹریک پچز تیار کی جائیں گی تاکہ پیسرز کو مدد مل سکے۔
کوچ مائیک ہیسن نے گراؤنڈز مین کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ایسی وکٹیں بنائی جائیں جن سے فاسٹ بولرز کو مدد مل سکے۔ اس اقدام کا مقصد بیرون ملک مقابلوں میں ٹیم کی جدوجہد کو ختم کرنا اور کھلاڑیوں کو تیز پچز پر کھیلنے کا عادی بنانا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کھیلنے والی پلیئنگ الیون سے 5 اہم کھلاڑی باہر ہو چکے ہیں، جس کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز میں کئی بڑی تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔ ٹیم انتظامیہ اب تجربہ کار کھلاڑیوں کے بجائے نوجوانوں کو آزمانے پر غور کر رہی ہے تاکہ نتائج میں بہتری لائی جا سکے۔
اوپننگ جوڑی میں بھی نمایاں تبدیلی متوقع ہے کیونکہ گزشتہ سیریز کے اہم کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اذان اویس اور عبداللہ فضل کو نیا اوپننگ پیئر بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ محمد عباس اور رضا اللہ کی قومی اسکواڈ میں شمولیت تقریباً یقینی ہے۔
سابق کپتان بابر اعظم اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ مائیک ہیسن کے مشورے پر وہ قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ طویل فارمیٹ میں اپنی تکنیک اور اعتماد کو دوبارہ حاصل کر سکیں۔ پی سی بی نے بھی اسٹار کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ لازمی قرار دے دی ہے۔
پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نویں جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ ٹیم انتظامیہ پرامید ہے کہ ان سخت فیصلوں اور نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور گرین کیپس عالمی سطح پر دوبارہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت