ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، نمبر 3 پر 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے

بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں ایک اور ناقابلِ یقین عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
37 سالہ بھارتی کرکٹر نے یہ تاریخی سنگِ میل نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی مقابلے میں عبور کیا۔ کوہلی کو اس اعزاز تک پہنچنے کے لیے صرف 12 رنز درکار تھے، جو انہوں نے اپنی اننگز کی 13ویں گیند پر حاصل کرلیے۔ یوں انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں ایک اور ایسا ریکارڈ قائم کردیا جس تک پہنچنا کسی بھی بلے باز کے لیے آسان نہیں ہوگا۔
ویرات کوہلی نے تیسرے نمبر پر کھیلتے ہوئے یہ غیر معمولی کامیابی محض 251 اننگز میں حاصل کی۔ اس پوزیشن پر ان کی بیٹنگ کا معیار بھی ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا عکاس ہے، جہاں وہ 61.55 کی شاندار اوسط سے رنز بنا چکے ہیں۔ کوہلی نے اس دوران 48 سنچریاں اور تقریباً 70 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں، جو انہیں اس فہرست میں دیگر بلے بازوں سے نمایاں کرتی ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ دوسرے مقام پر ہیں، جنہوں نے 12 ہزار 662 رنز اسکور کیے تھے۔ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے سابق عظیم آل راؤنڈر جیک کیلس 7 ہزار 774 رنز بنا کر چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
کوہلی کی اس کامیابی کو مزید اہمیت اس لیے بھی حاصل ہے کہ ان کے قریب موجود ابتدائی چاروں بلے باز بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔ موجودہ کرکٹرز میں اس ریکارڈ کے قریب پہنچنے والے کھلاڑیوں اور کوہلی کے درمیان رنز کا نمایاں فرق موجود ہے، جس کے باعث مستقبل قریب میں اس اعزاز کو توڑنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے اب تک 6 ہزار 54 رنز بنائے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ ان کے بعد موجود ہیں۔ بابر اعظم کی عمر 32 سال اور جو روٹ کی عمر 35 سال ہے، تاہم دونوں بلے بازوں کو کوہلی کے ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے تقریباً 7 ہزار رنز کا فاصلہ طے کرنا ہوگا۔
دوسری جانب ویرات کوہلی کی رواں سال کی کارکردگی بھی مسلسل عمدہ رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل وہ 2026 میں 9 اننگز کے دوران 552 رنز بنا چکے تھے، جن میں 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوہلی نہ صرف نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں بلکہ اپنی بہترین فارم بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت