بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

انگلینڈ میں قدیم خزانے کی تلاش: ایک ہزار سال پرانا سونے کا نایاب لاکٹ دریافت

قومی خبریں
انگلینڈ میں قدیم خزانے کی تلاش: ایک ہزار سال پرانا سونے کا نایاب لاکٹ دریافت

لندن: انگلینڈ میں ایک مقامی شہری نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے زمین کی کھدائی کے دوران ایک ہزار سال قدیم سونے کا نایاب لاکٹ دریافت کر کے ماہرینِ آثار قدیمہ کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یہ تاریخی دریافت ہیمپشائر کے دیہی علاقے میں ہوئی۔

نارتھمپٹن سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ نک بیری نے ایشمینزورتھ کے مقام پر زرعی زمین کھودتے ہوئے اس تاریخی نوادرات کو تلاش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مٹی صاف کرنے کے بعد جب اس نے چمکدار سونے کو دیکھا تو اسے فوری طور پر اس کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا۔

نک بیری نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 3 دہائیوں سے شوقیہ طور پر میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال کر رہے ہیں، مگر اتنی شاندار اور نایاب چیز انہیں پہلے کبھی نہیں ملی۔ اس دریافت نے برطانیہ کے تاریخی ورثے کی تلاش میں کام کرنے والے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔

ماہرین آثار قدیمہ نے اس سونے کے لاکٹ کا ابتدائی معائنہ کرنے کے بعد اسے 9 ویں یا دسویں صدی عیسوی کا قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی بناوٹ اور ساخت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسے ماضی میں کسی امیر یا اعلیٰ سماجی رتبے کی حامل شخصیت نے گلے میں پہنا ہوگا۔

یہ منفرد دریافت تاریخی ہائیکلیرے قلعے کے قریب ہوئی ہے، جو اپنی شاندار تعمیرات کے ساتھ ساتھ مشہور ٹی وی سیریز ڈاؤنٹن ایبی کی شوٹنگ کے مقام کے طور پر عالمی سطح پر کافی مشہور ہے۔ ماہرین اب اس لاکٹ کے مزید سائنسی تجزیے کر رہے ہیں۔

اس تاریخی شے کی دریافت نے علاقے میں مزید کھدائی اور تحقیق کے دروازے کھول دیے ہیں۔ مورخین کا کہنا ہے کہ اس مقام کے قریب مزید قدیم اشیا موجود ہو سکتی ہیں۔ یہ دریافت برطانیہ کی قرون وسطیٰ کی تاریخ کو سمجھنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

نک بیری کا یہ عمل شوقیہ تاریخ دانوں اور ماہرین کے لیے ایک بڑی مثال بن چکا ہے۔ مقامی حکام اب اس سونے کے لاکٹ کو محفوظ کرنے اور اسے عجائب گھر میں نمائش کے لیے رکھنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ عوام اس قدیم ورثے کو دیکھ سکیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت