9 نومبر کو یومِ اقبال کی عام تعطیل، سندھ میں ہندو ملازمین کیلیے دیوالی کی خصوصی چھٹی

کراچی: ملک بھر میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے 9 نومبر کو عام تعطیل ہوگی جبکہ حکومت سندھ نے اسی روز دیوالی کے مذہبی تہوار کے موقع پر ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کے لیے بھی خصوصی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 نومبر کو دیوالی کے موقع پر صوبے میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو چھٹی دی جائے گی۔ اس تعطیل کا اطلاق تمام سرکاری اور خودمختار اداروں، حکومت سندھ کے زیرانتظام محکموں اور مقامی کونسلز پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ دیوالی کی مناسبت سے اعلان کردہ خصوصی تعطیل صرف ہندو برادری کے ملازمین کے لیے ہوگی، جبکہ دیگر ملازمین کے لیے یومِ اقبال کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ عام تعطیل کا اطلاق ہوگا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرچکی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے۔ اس روز ملک بھر میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دیوالی ہندو برادری کا اہم مذہبی تہوار ہے، جسے روشنیوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر ہندو برادری کے افراد اپنے گھروں اور عبادت گاہوں کو چراغوں اور روشنیوں سے سجاتے ہیں، مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں اور اہل خانہ و عزیز و اقارب کے ساتھ خوشیاں مناتے ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے خصوصی تعطیل کا اعلان ہندو برادری کو اپنے مذہبی تہوار کی تقریبات میں شرکت اور مذہبی روایات کے مطابق خوشیاں منانے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس طرح 9 نومبر کو ملک بھر میں یومِ اقبال کی عام تعطیل ہوگی جبکہ سندھ میں ہندو برادری کے ملازمین کو دیوالی کی مناسبت سے بھی خصوصی چھٹی حاصل ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت