منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

جماعت اسلامی کے حکومت کے ساتھ مذاکرات: ریلیف پیکج میں اضافے اورپیٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے کا مطالبہ

قومی خبریں

اسلام آباد: قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی عوامی ریلیف پیکج میں اضافے اور پیٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے کے لیے مشترکہ ورکنگ پیپر تیار کریں گے۔

3 نومبر 2026 کو حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے چار بنیادی نکات پر بات ہوئی، جن میں پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ، ریلیف پیکج میں توسیع، پبلک ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کو ریلیف دینا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے اور ایک ہزار سی سی گاڑیوں کو ریلیف دینے کی تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔ آئل ریفائنریز کے منافع کے معاملے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی تجاویز اور ورکنگ مکمل کرے گی، جس کے بعد جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیم پیٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوامی ریلیف کے حوالے سے مشترکہ ڈرافٹ تیار کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے مسودے کا جائزہ لینے کے بعد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن حتمی فیصلے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت