پاکستان اور قازقستان کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق

الماتے: پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین سے ملاقات ہوئی ہے،اس ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے پر زور دیا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ای کامرس، ویئر ہاؤسنگ، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، قازقستان کی نسبتاً سستی توانائی پاکستانی ٹیکسٹائل سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ قازقستان کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عملدرآمد ضروری ہے، پاکستان قازقستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو عملی تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی پر مشتمل مارکیٹ قازقستان کے لیے اہم تجارتی مواقع رکھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے پانچ سالہ روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت