منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں سچن ٹنڈولکر کے 3 بڑے ریکارڈ توڑنے کے قریب

قومی خبریں

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز میں سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کے 3 اہم ریکارڈز اپنے نام کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل سیریز 4 سے 15 نومبر تک کھیلی جائے گی، جس میں کوہلی کی نگاہیں کئی انفرادی سنگ میل عبور کرنے پر مرکوز ہوں گی۔

کوہلی کے سامنے پہلا ہدف لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے۔ اس وقت کوہلی اور ٹنڈولکر دونوں کے نام 60، 60 سنچریاں درج ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ایک مزید سنچری بنا کر کوہلی اس فہرست میں ٹنڈولکر سے آگے نکل سکتے ہیں۔

بھارتی بیٹر کو ون ڈے کرکٹ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرنے کا موقع ملے گا۔ کوہلی اب تک 8,667 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ ٹنڈولکر کے رنز کی تعداد 8,720 ہے۔ اس ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے کوہلی کو مزید 54 رنز درکار ہیں۔

تیسرا سنگ میل سینا ممالک، یعنی جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف 50 یا اس سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلنے سے متعلق ہے۔ کوہلی اور ٹنڈولکر دونوں ان ممالک کے خلاف 133، 133 مرتبہ نصف سنچری یا اس سے بڑی اننگز کھیل چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ایک اور ایسی اننگز کھیل کر کوہلی اس ریکارڈ میں بھی سابق بھارتی کپتان کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت