سعودی عرب: مکہ مکرمہ کے قریب حملہ آور ڈرون فضا میں تباہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ
مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک مشکوک ڈرون کو سعودی اتحاد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ ریجن میں ایک ڈرون کی نشاندہی کے بعد اسے روک کر کامیابی سے تباہ کر دیا گیا ہے، تاہم ڈرون کے اصل مقام اور بھیجنے والے کا تاحال علم نہیں ہو سکا۔
التحالف:
اعتراض وتدمير طائرة مسيرة بمنطقة مكة المكرمة. https://t.co/TyVAfPo42D
واضح رہے کہ سعودی عرب کو حالیہ کچھ عرصے کے دوران مسلسل متعدد حملوں کا سامنا ہے، جن میں ڈرونز کے ذریعے تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں شامل ہیں۔
مکہ ریجن میں پیش آنے والا یہ تازہ ترین واقعہ اسی تسلسل کا حصہ ہے، جس نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حکام کی جانب سے ابھی تک اس ڈرون کے حتمی ہدف، اس کی پرواز کے مقام اور اس کارروائی کے ذمہ دار فریق کے حوالے سے کوئی حتمی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ادارے اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت