منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

نیپال: ماؤنٹ ایورسٹ ریجن میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، ایک سیاح ہلاک

قومی خبریں

کھٹمنڈو: نیپال کے مشہور پہاڑی سلسلے ایورسٹ میں بیس کیمپ کے قریب 2 ہیلی کاپٹروں کے تصادم کے نتیجے میں ایک غیر ملکی مسافر ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں ہیلی کاپٹر ایک مقام پر اترنے کی کوشش کررہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نیپال کے پہاڑی علاقے پھیریچے میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فش ٹیل ایئر اور ایئر ڈائنسٹی کمپنیوں کے زیرِ انتظام دونوں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئے، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

NEW: Two helicopters operated by Fish Tail Air and Dynasty Air have collided and crashed at Everest Base Camp, leaving one foreign national dead and one Nepali injured.📍 Solukhumbu District, Nepal. https://t.co/BZCk3q3dLt

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں ایک غیر ملکی مسافر جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ایک دوسرے شخص کو چوٹیں آئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی جاسکے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد متعلقہ حکام نے دونوں ہیلی کاپٹروں کے ٹکرانے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ابتدائی معلومات میں تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فضائی حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔

حکام کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کو پہنچنے والے نقصان اور زخمی شخص کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ نیپال کا ایورسٹ خطہ دنیا بھر سے آنے والے کوہ پیماؤں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس علاقے میں بلند و بالا پہاڑوں، دشوار گزار راستوں اور دور دراز مقامات تک رسائی کے لیے ہیلی کاپٹر اہم ذریعہ آمدورفت سمجھے جاتے ہیں، تاہم مشکل جغرافیائی حالات اور بلند پہاڑی مقامات پر پرواز کے باعث فضائی سرگرمیوں میں غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت