فیفا ورلڈ الیون 2026 کے لیے میسی اور رونالڈو سمیت 26 کھلاڑی نامزد، فہرست جاری

فٹبال کی دنیا کے دو عظیم کھلاڑی لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو نے عمر کے بڑھتے ہوئے اثرات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا ہے۔ دونوں اسٹار فٹبالرز کو 2026 کی فیفا پرو مینز ورلڈ الیون کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جس کے تحت دنیا کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل حتمی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
فیفا پرو کی جانب سے جاری کردہ 26 نامزد کھلاڑیوں کی فہرست میں میسی اور رونالڈو کے علاوہ انگلینڈ کے ہیری کین، فرانس کے کائیلیان ایمباپے، ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ اور اسپین کے لامین یامال سمیت کئی نامور فٹبالرز بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ لیونل میسی 39 سال جبکہ کرسٹیانو رونالڈو 41 سال کی عمر میں بھی دنیا کے بہترین فٹبالرز کی فہرست میں شامل ہونے کی دوڑ میں موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی نامزدگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ طویل عرصے سے عالمی فٹبال پر حکمرانی کرنے والے یہ سپر اسٹارز اب بھی اپنے ہم عصر کھلاڑیوں کی نظر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
اس اعزاز کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس کے لیے فاتح کھلاڑیوں کا انتخاب کھیل کے صحافیوں یا شائقین کے بجائے خود پیشہ ور فٹبالرز کے ووٹوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ فیفا پرو کے مطابق رواں سال ہونے والی ووٹنگ میں 73 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 19 ہزار 806 فٹبالرز نے حصہ لیا۔
نامزد کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ 4 اگست 2025 سے 19 جولائی 2026 تک کے عرصے میں پیش کی گئی کھیل کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ اس مدت کے دوران کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور میدان میں ان کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نامزدگیوں کا فیصلہ کیا گیا۔
فیفا پرو مینز ورلڈ الیون کی حتمی ٹیم کا اعلان 9 نومبر 2026 کو کیا جائے گا۔ منتخب ٹیم میں مختلف پوزیشنز کے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لیے مخصوص ترتیب مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت ایک گول کیپر، 3 دفاعی کھلاڑی، 3 مڈفیلڈرز اور 3 فارورڈز منتخب کیے جائیں گے، جبکہ گیارہویں کھلاڑی کا فیصلہ سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دیگر میدان میں کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سے ہوگا۔
حتمی اعلان کے بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ میسی اور رونالڈو ایک بار پھر دنیا کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت